Monday, December 26, 2011

الخدمت کے تحت متاثرین کے لیے ایک کروڑ کی امداد روانہ



 الخدمت فاونڈیشن سندھ کے تحت فرینڈز آف الخدمت سعودی عربیہ اور مسلم ان برونائی کے تعاون سے 10 ٹرکوں پر مشتمل ایک کروڑ روپے مالیت کا امدادی سامان سندھ کے بارش سے متاثرہ اضلاع بدین، سانگھڑ، مٹیاری، میرپورخاص، نواب شاہ اور ٹنڈو الہیار روانہ کردیا۔ جس میں خام راشن، کمبل، لحاف، واٹر کولر اور ضروریات زندگی کا دیگر سامان شامل تھا جبکہ سامان کی دوسری قسط جلد روانہ کی جائے گی۔ الخدمت کے تحت جمعرات کے روز قباءکمپلیکس سے امدادی سامان جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی نائب
 امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری نے اپنی نگرانی میں روانہ کیا اس موقع پر صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو، الخدمت سعودیہ کے نمائندے علی محسن، نسیم انصاری، مجاہد چنا و دیگر بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ حکومت دیگر مسائل کی طرح بارش متاثرین کی امداد وبحالی میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اس وقت بھی کئی خاندان بے یار و مدد گار حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ متاثرہ مقامات سے تا حال پانی کی عدم نکاسی حکومتی غفلت اور نااہلی کا واضح ثبوت ہے جبکہ غریبوں کیلئے آنے والی امداد کرپشن اور جیالوں کی نذر ہورہی ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار روز اول سے بارش متاثرین کی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ خدمت کا سلسلہ آج بھی جاری ہی، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت نمائشی اقدامات اور عوام کو بھکاری بنانے کے بجائے ان کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے اور مستقبل میں آباد کاری کے اقدامات کرے۔ انہوں نے فرینڈز آف الخدمت سعودی عربیہ اور مسلم ان برونائی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

No comments:

Post a Comment